او آئی سی کانفرنس میں کشمیر کیلئے کمیٹی بنائی جائے، چوہدری عظیم

May 03, 2024

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کشمیر ی رہنما اور کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم نے وزیراعظم پاکستان ،وزیر خارجہ پاکستان، وزیر اعظم آزاد کشمیر، وزیر انڈسٹری اینڈ ٹریول آزاد کشمیر سے کہا ہے کہ گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس میں پاکستان، بھارت اور کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی کانفرنس بلانے کیلئے کشمیر پیس کمیٹی بنائی جائے ۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے منفی اقدامات سے کشمیر کے دونوں اطراف حالات سنگین ہیں ،مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیر ی لا قانونیت ، ناانصافی اور معاشی مسائل کا شکار ہیں ۔ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی نے کشمیر ی عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، ہزاروں افراد جیلوں میں نظر بند ہیں اور ان کا کوئی پُرسان حال نہیں ، چوہدری محمد عظیم نے کہا کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے، دفعہ 370اور 35اے کی تبدیلی سے کشمیر کی سیاسی و جغرافیائی حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی بلکہ بھارت کے حالیہ منفی اقدامات کے باعث اقوام متحدہ نے کشمیر کے دونوں اطراف مزید ملٹری آبزرور تعینات کردیئے ہیں اور اقوام متحدہ نے کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دینے کی رٹ کو مسترد کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے ۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا اس نازک وقت میں کشمیر ی عوام کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ او آئی سی کانفرنس میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی سہ فریقی کانفرنس بلانے کیلئے تجویز پیش کرے۔