جنوبی پنجاب کو دوبارہ کاٹن ویلی میں تبدیل کردینگے: صوبائی وزیر زراعت

May 03, 2024

ملتان ( سٹاف رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں کپاس کی فصل تیسراکے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت ممبران صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم،چوہدری ضیاالرحمان،چوہدری اسامہ فضل ، اسامہ لغاری اور زاہد اکرم نے شرکت کی ۔اجلاس میں کپاس کی کاشت کے ہدف کے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ میں کپاس کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو دوبارہ کاٹن ویلی میں تبدیل کر دے گی۔ ملکی معیشت کو سہارا صرف کپاس کی فصل ہی دے سکتی ہے۔ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 40 لاکھ ایکڑ مقررکیا گیا جس سے 65 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے حصول کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبہ میں سبز انقلاب لانے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ جعلی کھادوں و زرعی زہروں کے دھندے میں ملوث عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کی کاشت و پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے جاری سرگرمیوں میں بہتری لائی جائے۔ کاشتکاروں کی رہنمائی میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ فائدہ مند کیڑوں کی افزائش کی گنجائش بڑھائی جارہی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں 49فیصد، بہاولپور ڈویژن میں 28فیصد اور ڈی جی خان ڈویژن میں 28 فیصد رقبہ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ و دیگر نے شرکت کی۔