غزہ جنگ، کولمبیا نے اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے

May 03, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)کولمبیا نے اسرائیل کے ساتھ سفاتی تعلقات منقطع کرلیے، غزہ کی پٹی پرجاری بربریت اورجارحیت کی وجہ سےاسرائیل کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے۔کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ان کا ملک غزہ میں اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے جمعرات کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دے گا۔ دارالحکومت بوگوٹا کے مرکز میں واقع بولیوار اسکوائر میںہزاروں افراد کے مجمعے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم جمعرات کو ریاست اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیں گے۔ کیونکہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پردنیا خاموش ہے لیکن ہم چپ نہیں رہ سکتے۔انہوں نےایکس پلیٹ فارم پرلکھا کہ خوراک کے انتظار میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ہاتھوں 100سے زیادہ فلسطینی مارے گئے،ہم اسے نسل کشی سمجھتے ہیں، جو ہمیں ہولوکاسٹ کی یاد دلاتا ہے، اگرچہ عالمی طاقتیں اسے تسلیم نہیں کرنا چاہتیں۔