سر سنگیت کے دلکش رنگ، موسیقی کی وادیوں کی نئی شہزادیوں کے سنگ

May 03, 2024

کراچی(رپورٹ/اخترعلی اختر)سُر سنگیت کے دلکش رنگ، موسیقی کی وادیوں کی نئی شہزادیوں کے سنگ ، نئی نسل کی ان مقبول گلوکارائوں میں آئمہ بیگ،مومنہ مستحسن،قرۃ العین بلوچ،نہال نسیم،نِرمل رائے، سائرہ پیٹر،زیب بنگش ، سحر گل خان ، شےگل،یشل شاہد سمیت ان گلوکاراؤں نے پاکستانی فلموں ڈراموں کے سپرہٹ گیت گائے ۔پاکستانی فلمی اورغیر فلمی موسیقی کے نئے دَور کا آغاز ہوچکا ہے۔ سُر سنگیت کے نئے رنگوں میں ڈوبی موسیقی سماعتوں میں رس گھولنے لگی، موسیقی کی وادیوں کی نئی شہزادیوں نے رنگ جمادیا۔اس نئے منظرنامے میں کئی نئی مدھرآوازیں بھی سامنے آئی ہیں۔ ان نئی شہزادیوں نے اپنی آواز کی بدولت خُوب نام کمایا۔ نئی نسل کی ان گلوکارائوں کوملکہ ترنم نورجہاں،مہناز،ناہید اختر،رونا لیلیٰ کی طرح منجھے ہوئے موسیقار اور فلمی موسیقی کا وہ سنہری دور تو میسر نہیں آیا، اس کے باوجود بھی انہوں نے شاندار فلمی گیت اور ڈراموں کے ٹائٹل سونگ گائے، جنہیں OSTکہا جاتا ہے ۔ نئی نسل کی ان مقبول گلوکارائوں میں آئمہ بیگ،مومنہ مستحسن،قرۃ العین بلوچ،نہال نسیم،نِرمل رائے، سائرہ پیٹر،زیب بنگش،سحر گل خان، شے گل،یشل شاہد،افشاں فواد،مہر انجم ودیگر شامل ہیں۔ خُوبصورت اور دلکش آواز کے مالک ’’آئمہ بیگ‘‘ نے ڈراموں کے ٹائٹل سونگ، سمیت کئی فلموں کے لیے اپنی آواز کاجادو جگایا۔ آئمہ بیگ نے فلم ’’بالو ماہی‘نامعلوم افرادٹو‘چُھپن چُھپائی‘ورنہ‘سات دن محبت اِن،ٹیفا اِن ٹَربل،باجی، قائداعظم زندہ باد سمیت کئی فلموں کے لیے پلے بیک گائیکی کا مظاہرہ کیا۔ ’’مومنہ مستحسن‘‘،نئی نسل کی اس خُوبصورت گلوکارہ نے استاد راحت فتح علی خان کے ساتھ مقبول گیت’’آفریں آفریں‘‘ کوک اسٹوڈیو کے لیےگایا، تو ہر طرف ان کی دُھوم مچ گئی تھی۔انہوں نے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 9میں عاصم اظہر کے ساتھ سونگ’’تیرا وہ پیار‘ گایا تو اِسے بھی بے حد پسند کیا گیا۔’’قرۃ العین بلوچ‘‘، کو سُروں کی دُنیا میں ’’ہمسفر گرل‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اِن کے دیگر مقبول گیتوں میں’’ماہی وے‘تیرے نال ملائیاں اَکھیاں‘من مائل‘مورے پیا‘جنت سے آگے‘اور کوک اسٹوڈیو کے گیت شامل ہیں۔ ’’نیہال نسیم‘‘، اس گلوکارہ کو وجاہت رئوف کی فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ کا آئٹم سونگ’’پیلا رنگ‘‘سے مقبولیت حاصل ہوئی۔ اِن کا گایا ہوا گیت ’’چُپکے چُپکے‘‘بے حد مقبول ہوا۔ ’’سحر گل خان‘‘ اس مقبول گلوکارہ کو ایک ہی گانے سے بے پناہ شہرت ملی اور وہ گانا تھا’’دِل غلطی کربیٹھا بول کفارہ کیا ہوگا‘‘۔ یہ گیت آج کی نسل کے سب ہی گائیک محفل موسیقی میں اپنی آواز میں گاتے ہیں۔ سحر گل خان نے استاد راحت فتح علی خان کے ساتھ ایک گانا ’’کیسی تیری خود غرضی‘‘ بھی گایا، جسے موسیقی کے دیوانوں نے پسند کیا۔ گلوکارہ ’’زیب بنگش‘‘ نے درجنوں گیت گائے۔ پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے ڈراموں کے ٹائٹل سونگز کو نئے انداز میں گانے کا آغاز کیا۔ ان کی آواز میں جیو کے کامیاب ڈرامے ’’دل آویز کا ٹائٹل سونگ اور گرفت کا گیت بے دردی سیاں رے‘‘ بے حد مقبول ہوئے۔ گلوکارہ یشل شاہد کی آواز میں ڈراما ’’میرے ہم سفر‘‘کے ٹائٹل سونگ کوبے حد پسند کیا گیا۔ اِن کے ساتھ اَمانت علی نے بھی آواز کا جادو جگایا تھا۔ گلوکارہ ’’شے گل‘‘ نے کوک اسٹوڈیو میں کئی گیت گاکر اپنی پہچان بنائی اور اِنھیں سپرہٹ سونگ ’’پسوڑی‘‘سے دنیا بھر میں شہرت ملی۔اس سونگ میں اِن کے ساتھ علی سیٹھی نے بھی آواز کا جادو جگایا تھا۔