سرکاری جامعات کے ملازمین کے خلاف ضابطہ الاؤنسز روک دیئے

May 03, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے صوبے کی تمام سرکاری جامعات کے ملازمین کو مختلف عنوانات سے دیے جانے والے غیر منظور شدہ اور خلاف ضابطہ الاؤنسز فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔یہ احکامات سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے تمام سرکاری جامعات کو جمعرات کی دوپہر ہدایت نامہ بھی موصول ہوگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ غیر قانونی/خلاف ضابطہ اور غیر منظور شدہ الاؤنسز جامعات میں بدترین مالی خسارے کا سبب بن رہے ہیں، لہذا سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنی اپنی سینڈیکیٹ کا خصوصی اجلاس بلاکر اس پر زمینی حقائق کی موجودگی میں عقلی بنیادوں پر فیصلہ کریں جب کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کے تناظر میں ان تمام معاملات پر نگاہ رکھتے ہوئے اپنی رپورٹ بھی پیش کریں۔