کورنگی ندی پل، سنگ بنیاد کے بعد سندھ حکومت تعمیر کرنا بھول گئی

May 03, 2024

کراچی(رپورٹ /طاہر عزیز)ٍقیو م آباد سے کورنگی کراسنگ جانے کے لئے ملیر ندی پرپل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد سندھ حکومت اسے تعمیر کرنا بھی بھول گئی کورنگی کاز وے پل کے افتتاحی کام کی تقریب 7اگست2023کواس وقت کے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اورمیئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت ہوئی تھی.

معاہدے کے مطابق اسے دو سال میں مکمل کیا جانا ہے جبکہ مذکورہ دونوں حکومتی شخصیات نے اسے ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم ذرائع کا کہنا ہے 8 ماہ گزرنے کے باوجود ٹھیکیدار کمپنی کو اب تک کنسلٹنٹ فرم کی جانب سے منصوبے کا پورا ڈیزائن اور ڈرائنگ نہیں ملی ہیں جس کے باعث کام شروع نہیں ہو پارہا پل کی سائٹ پر دورے کے دوران پل کے گرڈر کاسٹ کرنے اور پشتہ بندی کی سرگرمی نظر آتی ہے جس الائنمنٹ پر پل کی تعمیر ہونا ہے وہاں کوئی کام شروع نہیں ہوا .

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں پل تعمیر ہونا ہے اس کے اوپر کے الیکٹرک کی ایکسٹر ہائی ٹینشن لائنیں گز رہی ہیں انہیں اور وہاں موجود پی ایل ڈی پی کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے بجلی کمپنی نے 60کروڑ روپے اور جگہ مانگی ہے اس کام لئے ڈیڑھ سال کا عرصہ درکار ہو گالیکن اب تک دونوں چیزوں پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔