جوڑیا بازار میں تاجر کے ملازم سے مبینہ 50 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

May 04, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوڑیا بازار میں تاجر کے ملازم سے مبینہ ڈکیتی کی واردات میں 50 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے ، پولیس نے مشکوک حرکات پر لٹنے والے لڑکے کو حراست میں لے لیا ، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزم ایک لڑکے سے بیگ اسلحے کے زور پر چھین کر فرار ہوگیا، ڈکیتی کی واردات جمعہ کی دوپہر رپورٹ ہوئی ،پولیس نے بتایا کہ ہول سیل شاپ پر کام کرنے والا 15 سالہ لڑکا ریکوری کرنے کے بعد رقم بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا،پولیس کے مطابق بینک کے قریب پہنچ کر لڑکا سستی سے چلتا رہا اور بینک کی سیڑھیاں چڑھ کر واپس اترا،ملزم نے پستول لوڈ کی تو لڑکا بینک کی سیڑھیاں اترا اور بیگ حوالے کر دیا ،پولیس کو شبہ ہے کہ کرکے کی ملی بھگت سے واردات ہوئی ہے،علاوہ ازیں شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 20/B میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں ملزمان شہری مہر علی سے اسلحے کے زور پر 2 لاکھ 30ہزار روپے اور دیگر اشیاء چھین لیں اس دوران ہجوم کے جمع ہونے پر ملزمان بوکھلاہٹ کاشکار ہوگئے اور شدید فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ہیئر ڈریسر کی دکان پر بیٹھے دستگیر اور احمد علی زخمی ہوگئے،ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، پولیس نے زخمیوں کے بیان قلمبندکرکے مقدمہ درج کرلیا۔