کراچی معیشت کا حب، ایم کیو ایم شہر کی بڑی جماعت ہے، فاروق ستار

May 04, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر)مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں متحدہ بزنس فورم کے اراکین اور ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ڈاکٹر فاروق ستار نے کی، اجلاس میں شیڈو بجٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور تفصیلی مشاورت کی گئی، بزنس فورم کے اراکین نے ڈاکٹر فاروق ستار کو شیڈو بجٹ کی تیاریوں سے آگاہ کیا، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہر سال عوام دوست شیڈو بجٹ اور تجاویز پیش کرتی ہے، کسی بھی ملک کے اہم شعبوں میں سے ایک شعبہ معیشت ہے کراچی معیشت کا حب اور ایم کیو ایم کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے اس لئے ہم پر یہ بھاری ذمہ داری آتی ہے کہ ہم اس ملک کی معیشت کو درست کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، ایم کیو ایم اپنی تجاویز میں روزگار کی پیداوار کے عمل پر زور دیتی ہے جس کےذریعے ملک سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے، ہم اس بار شیڈو بجٹ کے ساتھ ساتھ ایک معاشی پروگرام بھی بنارہے ہیں جس کےذریعے سے وڈیروں جاگیرداروں سے ٹیکس لیکر عام عوام پر سے ٹیکس کے بوجھ کو کم کرکے ریلیف فراہم کیا جاسکے گا۔