ٍشاہراہ قراقرم، بس کھائی میں گرنے سے 21 مسافر جاں بحق، 20 زخمی

May 04, 2024

چیلاس ( نثار عباس نامہ نگار ) شاہراہ قراقرم پر خوفناک ٹریفک حادثہ، مسافر بس کھائی میں گرنے سے21 مسافر جاں بحق جبکہ20 زخمی ہوگئے۔ ضلع دیامر کی پولیس رپورٹ کے مطابق، راولپنڈی سے گلگت آنے والی مسافر بس کو یشو کھل کے مقام پر گزشتہ روز صبح 5 بجے کے قریب حادثہ پیش آیا، جہاں موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 21مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو1122اور مقامی رضا کاروں نے زخمی مسافروں کو کھائی سے نکال کر ریجنل ہیڈ کوارٹراسپتال پہنچایا، جہاں سے شدید زخمی مسافروں کو فوری طبی امداد کے بعد گلگت کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گلگت اور چیلاس کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔