10 فیصد فری شپ، 1444 نجی تعلیمی اداروں کی دوسری رپورٹ جمع

May 04, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ رفعیہ جاوید نے 10 فیصد فری شپ کے قانون پر عملد رآمد کرواتے ہوئے 1444 نجی تعلیمی اداروں کی دوسری رپورٹ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی فوکل پرسن کو جمع کروادی ہے،دریں اثناء رجسٹریشن اور اس کی تجدید کے لئے مختلف اسکولوں کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواستوں پر کمیٹی نے ان اسکولوں کا دورہ کر کے اپنی رپورٹ رجسٹریشن اتھارٹی کو پیش کی جس کی روشنی میں 10 فیصد فری شپ کے قانون پر عملد رآمد نا کرنےکے باعث 67 اسکولوں کی رجسٹریشن اور ان کی تجدید کو روک دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ بھر کے 1444 اسکولوں میں 482124 بچے زیر تعلیم ہیں جن میں 56838 طلبہ مذکورہ قانون کے مطابق مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں ، رپورٹ کے مطابق کلفٹن اور ڈیفینس میں قائم NIXOR CIVITAS اسکولز نے بھی اپنی فری شب رپورٹ جمع کروادی ہے ، اسکولوں کے دوروں کے دوران معلوم ہوا کہ KMA اسکول کی 6 برانچوں میں 5011 طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں 1137 طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے جو کہ ان اسکولوں میں زیر تعلیم کل طلبہ کی تعداد کا 22 فیصد بنتا ہے ، جبکہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں قائم Little Folks پرائمری اسکول میں تمام زیر تعلیم 160 طلبہ کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ کتابیں استیشنری اور یونیفارم بھی مفت فراہم کئے جارہے ہیں ، كورنگی كریک پر قائم Zest High School میں زیر تعلیم تمام 250 طلبہ کو بھی مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ کتابیں استیشنری اور یونیفارم بھی مفت فراہم کئے جارہے ہیں۔