ڈبل کیبن میں سوار ملزمان نے شہری کو گولی مار دی، کزن اغوا

May 04, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بہادر آباد میں ڈبل کیبن گاڑی میںسوار ملزمان ایک شہری کو گولی مارکر اسکے کزن کو اغوا کرکے فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بہادرآباد کے علاقے کوکن سوسائٹی کے قریب سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میںسوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 28سالہ ضیاء الرحمان ولد ظفر اقبال کو زخمی کردیا ۔پولیس نے بتایاکہ چار کزن دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے کہ کوکن سوسائٹی کے قریب سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن میںسوار تین سے چار مسلح ملزمان اترے ،انکے کے ہاتھ میںنائن ایم ایم پستول موجود تھے ۔ملزمان نے چاروںافراد کو دیوار کی ساتھ کھڑا کردیا ۔اس دوران زخمی شخص نے مزاحمت کی تو ایک ملزم نے اسے ران پر ایک گولی ماری اور اسکے کزن صفیح اللہ کو اغوا کرکے فرار ہو گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس کی مدد سے ملزمان کو تلاش کیا جارہا ہے ۔زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق باقی دو افراد نے ابتدائی تفتیش میںبتایا ہے کہ ہم ان افراد کو نہیںجانتے اورنہ ہی ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا ہے ۔ایس ایس پی ایسٹ فرخرضا نے بتایا کہ پولیس واقعہ کی تمام باریک بینی سے تفتیش کر رہی ہے کہ متاثرہ افراد سے اغواکاروںکا کیا تنازعہ ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تنازعہ کے حوالے سے زخمی سمیت اسکے دو کزن پولیس سے معاملہ چھپانے کی کوشش کررہے ہیںیا پھر یہ فصیح اللہ کے معاملے سے لاعلم ہیں تاہم تحقیقات کاعمل جاری ہے ۔