رینجرز نے افغانی ڈکیت گروہ کے 5 کارندوں کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد

May 05, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جنت گل سہراب گوٹھ سے افغانی ڈکیت گروہ کے 5 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ملزمان میں رضوان، حکیم عرف نواب عرف چیچو، طالب، آصف عرف وسیم عرف منہ اور محمد عجب خان شامل ہیں ۔ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ،ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں سہراب گوٹھ، گلشن اقبال ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن،لیاقت آباد اور گرد نواح کے علاقوں میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے اور شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔دوران تفتیش ملزم رضوان اور حکیم نواب عرف چیچو نے چاند رات کو بلاک 21 ایف بی ایریا گلبرگ ٹاؤن میں مسجد کے سامنے بیٹھے دو شہریوں کو گن پوائنٹ پر نقدی اور موٹرسائیکل چھینے کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم آصف عرف وسیم عرف منہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ عائشہ منزل کے قریب شہری فیضان اسلم کو دوران ڈکیتی فائرنگ کر کے زخمی کرنے کاانکشاف کیا ہے۔