بھارت، افغان خاتون قونصل جنرل سے 25 کلو سونا برآمد، استعفیٰ دیدیا

May 05, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) ممبئی ایئر پورٹ پر حکام نے افغانستان کی خاتون قونصل جنرل ذکیہ وردک کے قبضے سے 25کلو سونا برآمد کرلیا، وہ سونا مبینہ طور پر دبئی سے بھارت اسمگلنگ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، سونے کی مالیت 18کروڑ انڈین روپے (تقریباً 60کروڑ پاکستانی روپے ) ہے، سونا اسمگلنگ کے الزام کے بعد افغان خاتون سفارتکار نے استعفیٰ دے دیا ہے۔بھارتی میڈیاکے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے اہلکاروں نے حال ہی میں ممبئی ہوائی اڈے پر افغانستان کی قونصل جنرل ذکیہ وردک کو روکا اور 18.6 کروڑ روپے مالیت کا 25 کلو سونا برآمد کیا۔یہ واقعہ 25اپریل کو پیش آیا اور کسٹم ایکٹ 1962 کے تحت سونے کی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کےک مطابق قونصل جنرل ذکیہ وردک کو گرفتار نہیں کیا گیا کیونکہ انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے جبکہ قانون کے تحت اگر اسمگل شدہ سونے کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زیادہ ہے تو مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جاتا ہے اور اسے فوجداری کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ذکیہ وردک کے پاس سفارتی پاسپورٹ تھا، جسے اسلامی جمہوریہ افغانستان نے جاری کیا تھا۔ بھارتی اخبار کی جانب سے ارسالکئے گئے ایک سوال کے جواب میں ذکیہ وردک نے کہا کہ میں ان الزامات سے حیران ہوں ، مجھے یقین ہے کہ آپ مجھے درپیش حالیہ ذاتی چیلنجوں سے آگاہ ہیں جو قونصل خانے اور سفارت خانے کی مدد کے دوران پیش آئی ہیں، فی الحال، میںممبئی میں نہیں ہوں۔