او آئی سی سربراہی کانفرنس، غزہ میں پائیدار جنگ بندی، فلسطینیوں کیلئے آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ

May 05, 2024

ریاض (شاہدنعیم)او آئی سی سربراہی کانفرنس ، غزہ میں پائیدار جنگ بندی ، فلسطینیوں کیلئے آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ ، سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی، محفوظ انسانی راہداریوں اور فلسطینوں کے جائز حقوق بشمول حق خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گیمبیا میں 15 ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کی۔او آئی سی کانفرنس ’اسلامی اتحاد و یکجہتی برائے ترقی‘ سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ نے او آئی سی کی تنظیم نو، ترقی اور اصلاحات پر بھی زور دیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ’اسلامی تعاون تنظیم کے قیام سے آج تک ایجنڈے میں مسئلہ فلسطین اولین ترجیح رہا ہے‘۔ ’فلسطینی بھائیوں کو ان کا حق دلوانے اور ان پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کے لیے ملت اسلامیہ کی آواز ہے۔‘ وزیر خارجہ نے مزید کہا ’جب سے غزہ میں حملے شروع ہوئے مملکت نے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کی امداد کےلیے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر فوری اور مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے کوششوں کا آغاز کیا، متاثرین کی امداد کےلیے بھی روز اول سے مہم شروع کی گئی ۔