حکومت کے دوسرے ہی ماہ تجارتی خسارے میں 181 فیصد تاریخی اضافہ

May 05, 2024

اسلام آباد (عاطف شیرازی) نئی حکومت کے دوسرے ہی ماہ تجارتی خسارے میں سالانہ بنیادوں پر181فیصد کا تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ نگران حکومت کے آخری دو ماہ کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے ابتدائی دو مہینوں کے درمیان برآمدات میں 45 کروڑ 40لاکھ ڈالرز کی کمی جبکہ درآمدات میں پچاس کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق نگران حکومت کے آخری دو مہینوں جنوری اور فروری 2024کے دوران برآمدات 5ارب 37 کروڑ 50لاکھ ڈالرز تھیں جبکہ موجودہ حکومت کے ابتدائی دو ماہ مارچ اور اپریل میں برآمدات 4 ارب92 کروڑ10 لاکھ ڈالرز رہیں۔ ذرائع وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ نگرانوں کے آخری 2 ماہ کی نسبت موجودہ حکومت کے 2 ماہ میں درآمدات 50 کروڑ ڈالرز بڑھی ہیں۔ نگران حکومت میں جنوری اور فروری 2024 میں درآمدات کا حجم 9 ارب 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھا جبکہ موجودہ حکومت کے دو ماہ مارچ اور اپریل میں امپورٹس 9 ارب59 کروڑ 60لاکھ ڈالرز رہیں۔