نائب وزیراعظم کی گیمبیا میں متعدد افریقی رہنماؤں سے ملاقاتیں، ’’افریقہ کی جانب دیکھنے‘‘ کی پالیسی کا احیا

May 05, 2024

اسلام آباد (صالح ظافر) نوازشریف کی ’’ افریقہ کی جانب دیکھنے‘‘ کے پالیسی اقدام کو نائب وزیراعظم سینیٹر اسحٰق ڈار نے ایک مرتبہ پھرزندہ کردیا ہے او ر گیمبیا میں او آئی سی کے15ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر انہوں نے متعدد افرایقی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تعلقات پر توجہ دی۔سینیٹر اسحق ڈار نے سعودی عرب، قطر، کویت، مصر، نائیجر، گیمبیا ، یمن اور چاڈ کے سیاستدانوں اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسن براہیم طٰہ سے ملاقاتیں کیں صبح چند اور رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ او آئی سے اپنے خطاب میں وہ تنازع کشمیر، فلسطین میں نسل کشی ، اسلاموفوبیا اور توہین آمیز افعال کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔ بانجول سے دی نیوزکے ساتھ ایک مختصر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر محمد اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اپنی پوزیشن کی وجہ سے کانفرنس کے شرکا کی توجہ حاصل کی ہے۔