سندھ پنجاب کے کچے میں آپریشن، ڈاکو عالم شر و نذیر شر ہلاک

May 05, 2024

اسکرین گریب

سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف ہونے والے آپریشن میں ڈاکو عالم شر و نذیر شر مارے گئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے سرحدی علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کچہ ماچھکہ سے ملحقہ سندھ کے سرحدی علاقے میں انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن میں 2 خطرناک ڈاکو عالم شر اور نذیر شر ہلاک جبکہ ڈاکو مٹھا شر سمیت 7 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی پی او رضوان گوندل نے بتایا کہ دونوں صوبائی سرحدی علاقے کے مختلف مقامات پر ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آپریشن میں ماچھکہ، بھونگ، صادق آباد اور کوٹ سبزل کی پولیس اور بگٹی قبیلے کے رضا کار بھی شامل ہیں جبکہ گھوٹکی اور راجن پور پولیس کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں رینجرز بھی پولیس سے تعاون کررہی ہے جبکہ سندھ پولیس نے ہمارا زبردست ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن میں مختلف اداروں کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ آپریشن میں رضا کار شامل نہیں کئے جاتے تاہم انفارمر ہر جگہ ہوتے ہیں، سی ٹی ڈی انفارمر کی مدد لیتی ہے۔