آسٹریلیا: چاقو سے حملے کا نیا واقعہ، پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک

May 05, 2024

تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

آسٹریلیوی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک شخص پر چاقو سے حملہ کرنے والے 16 سالہ نوجوان حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب مغربی آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ایک واقعہ رونما ہوا جس کی اطلاع مقامی پولیس کو مقامی مسلم کمیونٹی کے اراکین نے حملے سے قبل دی تھی۔

پولیس کے مطابق پرتھ کے علاقے ولٹن میں پیش آنے والے واقعے کے دوران 16 سالہ لڑکے نے کچن کی چھری سے متاثرہ شخص کی پیٹھ میں وار کیے جس سے وہ زخمی ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو حملے میں زخمی ہونے والا شخص اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کا عنصر موجود ہے تاہم اسے دہشت گردی قرار نہیں دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں، اب تک کی اطلاعات کے مطابق حملہ آور نوجوان کو دہشت گردی کی آن لائن تربیت دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ سڈنی میں 15 اپریل کو ایک پادری پر لائیو خطاب کے دوران چاقو سے حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے دہشت گردی کے جرائم میں چند لڑکوں کو گرفتار کیا ہے۔

اس سے قبل سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈی میں چاقو سے حملوں کی وارداتوں میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

آسٹریلیا جسے محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں شمار کیا جاتا ہے وہاں بندوق اور چاقو سے حملوں کا ہونا انتہائی غیر معمولی ہے۔