سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا بھکاریوں کو جیل میں رکھنے سے انکار

May 05, 2024

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی نے "بھکاری ایکٹ" میں اسلام آباد سے لائے گئے مزید ملزمان کو جیل میں لینے سے انکار کردیا۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے چیف کمشنر اسلام آباد کو مزید ملزمان نہ بھیجنے کیلئے خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل میں ملزمان رکھنے کی گنجائش 2174 ہے، اس وقت اڈیالہ جیل میں 7000 ملزمان بند ہیں۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ بھکاری ایکٹ میں گرفتار زیادہ تر ملزمان معذور، زخمی، عادی منشیات، خواجہ سرا ہوتے ہیں، ملزمان کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہونے سے جیل انتظامیہ مشکلات کا شکار ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل اسلام آباد کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے، بھکاری ایکٹ میں گرفتار ملزمان کو بند کرنے کےلیے عارضی طور پر بندوبست کیا جائے۔

انکا کہنا تھا کہ آئندہ اڈیالہ جیل میں بھکاری ایکٹ میں ملوث ملزمان کو وصول نہیں کیا جائے گا۔