حج پروازیں شروع ہونے میں 4 دن باقی، وزارت مذہبی امور مستقل وزیر سے تاحال محروم

May 05, 2024

حج پروازیں شروع ہونے میں صرف 4 دن باقی ہیں اور وزارت مذہبی امور مستقل وزیر اور سیکریٹری سے تاحال محروم ہے۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج قرعہ اندازی میں ناکام 5 ہزار 633 درخواستوں کے معاملے پر بھی کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

قرعہ اندازی میں ناکام عازمین کےلیے وزیراعظم کو تاحال کوئی درخواست نہ بھیجی جاسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو ساڑھے 19 ہزار حج کوٹا واپس کیا جارہا ہے، 2 سال سے سعودی عرب کو حج کوٹا واپس کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بھی حج کوٹا واپس کیا گیا تو پاکستان کا کوٹا کم ہوسکتا ہے۔

وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین کو 3 اپریل کو وزارت مذہبی امور کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

ایڈیشنل سیکریٹری سید عطاالرحمان کو گزشتہ سال 30 اکتوبر کو سیکریٹری مذہبی امور کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔

رواں سال پاکستان سے تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کرنے حجاز مقدس جائیں گے۔