پیپلز پارٹی ایک خاندان اور 40 کے قریب وڈیروں کا نام ہے، حافظ نعیم

May 05, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک خاندان اور 40 کے قریب وڈیروں کا نام ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ طاقتور ترین شخص نے نگراں حکومت کے دور میں کراچی میں کہا تھا کہ ہم سسٹم ختم کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سسٹم کے نام پر زمینوں اور سوسائیٹیوں پر قبضے کا کام چلتا ہے، پیپلز پارٹی بہت زیادتی کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کراچی میں سوسائیٹیوں میں ایڈمنسٹریٹر بنا کر قبضہ سسٹم پھر شروع کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ اسکولوں کی حالت جاکر دیکھیں، سندھ میں تعلیم کا بجٹ 321 ارب ہے لیکن 70 سے 80 فیصد خرچ نہیں ہوتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں تعلیم کے شعبے میں جعلی بھرتیاں ہیں، گھوسٹ اسکول ہیں، پیپلزپارٹی ایک خاندان اور چالیس کے قریب وڈیروں کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تائید سے انتخابی عمل کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں، ہر کوئی قربانی دے عوام ہی قربانی کیوں دیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے پاس چین، افغانستان، ایران سے تجارت کے مواقع ہیں۔ جس نے شہ رگ پر قبضہ کیا ہے اس سے تجارت ٹھیک بات نہیں، دوست سے لڑیں اور جس نے قبضہ کیا ہے اس سے تجارت ٹھیک نہیں۔