ہم اور پاکستان ایک قوم جیسے، محبت لفظوں کی محتاج نہیں، ترک قونصل جنرل

May 06, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترکیہ کے کراچی میں قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ دو ملک ایک قوم کی حیثیت رکھتے ہیں ، ہماری محبت لفظوں کی محتاج نہیں ہے ،پاکستان کی ہر خوشی ہماری خوشی اور ہر غم ہمارا غم ہے اس کا مظاہرہ پوری دنیا نے مختلف مواقع پر دیکھا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی ہیڈ کواٹرز پر محمد صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خدمت انسانیت میں ترکیہ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آتا ہے اور اس سلسلے میں ترکیہ ہر سال 14بلین ڈالر خرچ کرتا ہے ، دنیا کے ہر ملک میں ہمارے ادارے ٹیکا کا ایک دفتر موجود ہے جبکہ پاکستان میں کراچی اور اسلام آباد میں ٹیکا کے دو دفاتر کام کررہے ہیں ۔ اس موقع پر سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ ہم اپنے برادر ملک ترکیہ کے بے حد شکر گزار ہیں جنہو ں نے پاکستان میں سندھ اسکاؤٹس کو منتخب کرکے عالمی معیار کی ریسکیو کی تربیت فراہم کررہے ہیں ۔ ، صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر نے کلمات استقبالیہ اداکرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ریسکیو سروسز کے حوالے سے آئی ایچ ایچ ایک معروف ادارہ ہے جس کے ٹرینر ز سندھ کے اسکاؤٹس کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کررہے ہیں جس پر میں ترکیہ کے کراچی میں قونصل جنرل جمال سانگو ، پاکستان میں ٹیکا کے سربراہ خلیل ابراہیم ، صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ، چیف پیٹرن محمد صدیق میمن ، کمشنر میر پورخاص ڈویژن ، ڈائریکٹر ایجوکیشن میر پور خاص ڈویژن ، ٹورزم ڈیپارمنٹ اور قانون نافذ کرنےو الے اداروں اور ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،صوبائی خازن محمد حسین مرزا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹریننگ کی موثر ڈاکو منٹری بنانے پر سید طلحہ میر کی کاوشوں کو بے حد سراہا گیا جبکہ تقریب میں مہمانان گرامی میں سووئیرز شیلڈز جبکہ شرکاءٹریننگ کو شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں ۔