امریکا نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روک دی، امریکی میڈیا

May 06, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ملک بھر میں مظاہروں کے بعد اسرائیل کو بھیجی جانے والی ہتھیاروں کی کھیپ روک دی ہے۔ امریکی ویب سائٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ دوسری جانب اسرائیل کا دعویٰ ہے امریکی امداد کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ نے دو اسرائیلی عہدیداروں کے حوالے سے خبر دی ہےکہ امریکا نے امریکی ہتھیاروں کی کھیپ پچھلے ہفتے اسرائیل جانےسے روکی۔ امریکی نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد امریکا نے پہلی مرتبہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکی ہے۔ خیال رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے گزشتہ ماہ اسرائیل کی ہنگامی امدادکا بل منظور کیا تھا جس کے تحت اسرائیل کو 26 ارب ڈالر فراہم کیے جانے تھے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی امداد میں 14ارب ڈالر کی فوجی امداد بھی شامل تھی۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکا کی جانب سے اسرائیل کی مالی اور فوجی امدادمیں اضافہ ہوا ہے۔