پی اے سی چیئرمین شپ: پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات پھر باہر آگئے

May 06, 2024

شیر افضل مروت: فوٹو فائل

قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی ) کی چیئرمین شپ پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات پھر باہر آگئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ تبدیل نہیں کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے یہ معاملہ سیاسی کمیٹی کو فیصلے یا ووٹنگ کے لیے ریفر بھی نہیں کیا ہے۔

شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے ان کے نام پر ہونے والے فراڈ سے آگاہ کریں گے، انہیں سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس کے ایجنڈے میں یہ معاملہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے راجواڑہ نہیں، پی ٹی آئی کو 3 افراد کو ہائی جیک کرنے نہیں دوں گا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے گزشتہ روز شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری دی تھی۔