سپریم کورٹ، حکومت کو 15 روز میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اتھارٹی بنانیکا حکم

May 07, 2024

اسلام آباد(اے پی پی) سپریم کورٹ نے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر حکومت کو 15 روز میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اتھارٹی بنانے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت بنچ کے سربراہ جسٹس سید منصور علی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملک میں ماحولیات سے زیادہ انسانی حقوق کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ماحولیاتی تبدیلی کتنی اہم ہے کوئی سمجھ نہیں رہا۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے پیر کو یہاں کیس پر سماعت کی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سوشل میڈیا کیلئے قانون موجود نہیں لیکن اتھارٹی بنا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جو اتھارٹی بنانی ہے وہ بناتے نہیں جو نہیں بنانی چاہئے تھی وہ بنا دی گئی۔