پولیس افسر کی بہادری، ڈاکو کو اسی کی پستول سے ہلاک کردیا

May 07, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد صائمہ برج ویو بلاک بی کے قریب پولیس افسر نے بڑی بہادری کے ساتھ ڈاکو سے مقابلے کے بعد اس کی اپنی ہی پسٹل سے اس کو ہلاک کر دیا،پولیس کے مطابق ہلاک شدہ ڈاکو عبید ارباب نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں علی الصبح وارداتیں کر رہا تھا،ہلاک ملزم نے بلاک بی میں ایک پنکچر والے کو لوٹا تھا، جس کے بعد پنکچر کی دکان والے کے حسبِ اشارہ نارتھ ناظم آباد پیٹرولنگ پولیس ملزم کا تعاقب کر رہی تھی ،اس ہی دوران ناظم آباد انویسٹیگیشن میں تعینات سب انسپکٹر بخت علی ابڑو نے بھی ملزم کا تعاقب شروع کیا ،ملزم نے صائمہ برج ویو پر دوبارہ ایک شہری کو لوٹنے کی کوشش کی ،پولیس افسر کے مزاحمت اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کے دوران ملزم نے اپنی پسٹل نکال کر پولیس افسر پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کی کوشش کی، پولیس آفیسر نے نہایت ہی بہترین حکمت عملی سے دوران مزاحمت ملزم کا ہاتھ اس کی اپنی جانب موڑا ،جس سے ڈاکو کی پسٹل سے نکلنے والا فائر خود اس کو لگ گیا، جس سے وہ زخمی ہو کر گر گیا،موقع پر نارتھ ناظم آباد پیٹرولنگ پولیس نے فوراً پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر کے اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ ہلاک ہو گیا۔