کراچی میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع

May 07, 2024

فائل فوٹو

کراچی میں آج سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہوگئے۔

ناظم امتحانات کا بتانا ہے کہ صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کے کمپیوٹر اسٹیڈیز سائنس گروپ کا پرچہ لیاجائیگا جبکہ دوپہر کی شفٹ میں دسویں جماعت جنرل سائنس کے امتحانات لیے جائیں گے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ طلبا امتحانات کے دوران موبائل فون ہر گز اپنے ہمراہ نہ لائیں، خلاف ورزی کی صورت میں موبائل فون ضبط کرلیا جائے گا۔

چیئرمین میٹرک بورڈ کے مطابق اس سال نہم و دہم جماعت کے 3 لاکھ 68 ہزار سے زائد طلبا امتحانات دیں گے، اس سال 504 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جس میں لڑکیوں کیلئے 265 اور لڑکوں کیلئے 239 امتحانی مراکز شامل ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سائنس گروپ کے امتحانات میں 1 لاکھ 74ہزار 964 امیدوار شریک ہو رہے ہیں، جنرل گروپ کے امتحانات میں 32 ہزار 639 امیدوار شریک ہوں گے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ کے مطابق امتحانات کے دوران سینٹرز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے، امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ مشینیں بند رہیں گی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لیے ایک مؤثر نظام بنایا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے حکومت نقل پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔

رواں سال بورڈ آفس سے آن لائن ایڈمٹ کارڈ جاری کیے گئے

ترجمان میٹرک بورڈ کے مطابق آن لائن فارم جمع کرانے والے ایڈمٹ کارڈز کا آن لائن پرنٹ لےسکتے ہیں، جو طلبا نویں اور دسویں کے امتحانی فارم جمع نہ کرا سکے وہ 10 مئی کو جمع کرا سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ امتحانی فارم ساڑھے تین ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ دینے کا یہ آخری موقع ہے، اس دوران جو پرچے رہ جائیں گے وہ بعد میں لیے جائیں گے۔