جنگ بندی معاہدہ غیریقینی کا شکار، اسرائیلی فوج نے رفح کراسنگ پر قبضہ کرلیا

May 08, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)اسرائیلی فوج نے مصر اور غزہ کو ملانے والی رفح کراسنگ پر قبضہ کرلیا ، یہ قبضہ غزہ کی طرف سے رفح کی راہداری کے حصے پر کیا گیا ہے، اسرائیلی فوجی ٹینکوں کی رفح کراسنگ پر چڑھائی ، رفح سمیت غزہ کے دیگر علاقوں پر اسرائیلی فوج کے زمینی وفضائی حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ، رفح کراسنگ پر قبضے کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ غیریقینی کا شکارہوگیا۔ اسرائیلی فوج کی جاری کردہ ایک ویڈیو میں فوجی ٹینکوں کو رفح کراسنگ کی حدود میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جن پر اسرائیلی پرچم نمایاں ہیں۔فلسطینی کراسنگ اتھارٹی کے ترجمان وائل ابو عمر نے اسرائیلی فوج کے کراسنگ پر قبضے کی تصدیق کی اور کہا کہ کراسنگ کو کچھ وقت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جب کہ ان کا مزید کہنا تھا کہ رفح کراسنگ کے اطراف سے حملے ہو رہے ہیں۔اسرائیل نے ایسے موقع پر رفح کراسنگ کا کنٹرول سنبھالا ہے جب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی مذاکرات کے ثالث ممالک مصر اور قطر کی پیش کردہ جنگ بندی تجاویز قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔