رفح پر حملے کا خدشہ، امریکا نے اسرائیل کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کی تصدیق کردی

May 09, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نےتصدیق کی ہے کہ امریکا نےرفح پر اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کے نظر گزشتہ ہفتے اسرائیل کو بھاری گولہ بارود کی فراہمی روک دی ہے ،انہوں نے سینیٹ میں سماعت کے دوران بتایا کہ ہم روز اول سے ہی بہت واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ اسرائیل کو شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے بغیر رفح پر کوئی بڑا حملہ نہیں کرنا چاہیے، ہم نے صورتحال کا اندازہ لگانے کے بعد بھاری گولہ بارود کی ایک کھیپ کی فراہمی روک دی ہے،جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق بھاری بموں کی ایک کھیپ ان خدشات کے باعث روک دی گئی تھی کہ انہیں غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح پر زمینی فوجی آپریشن میں استعمال کیا جا سکتا تھا۔ امریکی عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا،مذکورہ جائزے کے نتیجے میں ہم نے گزشتہ ہفتے ہتھیاروں کی ایک کھیپ روک دی۔ یہ کھیپ نو سو کلو گرام کے1,800بموں اور225کلوگرام وزن کے 1,700 بموں پر مشتمل تھی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا نے اس انتباہ پر عمل کیا ہے، جو صدر جو بائیڈن نے گزشتہ ماہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو جاری کیا تھا کہ غزہ پٹی کے بارے میں امریکی پالیسی کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ اسرائیل فلسطینی شہریوں کیساتھ کیا سلوک کرتا ہے۔