گھر سے 10 تولے سونا، کرنسی، بانڈز چوری، 3 گاڑیاں، 38 موٹر سائیکل غائب

May 10, 2024

اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی و سرقہ کی 89 ورادتوں میں لاکھوں کی نقدی زیورات ،موبائل فون ، تین کاریں اور 38 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ۔ تھانہ صادق آباد کے علاقے چاندنی چوک میں مریم زوجہ طارق الرحمٰن کے گھر سے 10 تولے سونا 10 ہزار ریال اور لاکھوں کے انعامی بانڈ ،چاندی اور دو لاکھ نقدی چوری کر لی گئی۔ مدعیہ نے اپنے بھانجے الیاس پر شبہ ظاہر کیا ہے ۔تھانہ شالیمار کو اویس محمد خان نے بتایا کہ موبائل فون اور 3000روپے، تھانہ کوہسار کو شاہ نواز خان نے بتایا کہ 1لاکھ روپے ،تھانہ آبپارہ کو تفصیل مہدی نے بتایا کہ زیروپوائنٹ کے قریب 15000روپے ،تھانہ آئی نائن کو راضیہ نورین نے بتایا کہ موبائل فون اور 4000روپے،تھانہ نون کو آصف نوید نے بتایا کہ سولر پلیٹیں ،تھانہ بنی گالہ کو سجاد عباسی نے بتایا کہ ٹرانسفارمر اور موٹر نامعلوم چوروں نےچرالی۔تھانہ کھنہ کو وقاص احمد نے بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے 8لاکھ روپے چھین لئے، تھانہ ہمک کو اظہر عباس نے بتایا کہ محمد ریاض نے ہینڈنگ شمین، کٹر مشین اور دیگر سامان چوری کرلیا، تھانہ سہالہ کو لعل داد نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے کھاد اور دیگر اشیاء لوٹ لیں۔