شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں،مظاہرے، 9مئی واقعات کی مذمت

May 10, 2024

اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار،خبر نگار خصوصی، جنگ نیوز) شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں،مظاہرے کئے گئے جن میں 9مئی کے واقعات کی مذمت کی گئی ۔پاکستان آرمی اور شہدائے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلے میں پاکستان بوائز سکاوٹس ایسوسی ایشن اور پاک سول سولجر آرگنائزیشن نے جمعرات کو نیشنل پریس کلب کے سامنے الگ الگ احتجاجی مظاہرے کرکے 9 مئی 2023ء کے واقعات کی مذمت کی۔ قیادت چوہدری لیاقت ، حاجی تاج محمد خان نے کی ۔آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام بھی فیڈرل سیکرٹیریٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک یوم تکریم شہداء و یوم یکجہتی ملازمین مارچ منعقد کیا گیا۔ آگیگا کے صدر رحمان باجوہ کا کہنا ہے کہ مارچ کا مقصد الائنس کا افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ملازمین کے اجتماعی مسائل کے حصول کے لئے باہمی یکجہتی ہے ۔پی پی 16کے زیر اہتمام بھی سانحہ 9 مئی کے خلافریلی نکالی گئی جس کی قیادت راجہ ظفر اقبال ، حافظ فاروق خٹک ، یاسین خان راجہ ارشد ڈاکٹر شفقت ملک، شیخ ارشد سیفی کھوکھر ودیگر نے کی۔ شرکا نے افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ دریں اثناءممبر پنجاب اسمبلی راجہ عبدالحنیف کی قیادت میں بھی ریلی نکالی گئی ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اس ملک کی خاطر اپنا تن من دھن تک قربان کردیا،ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں۔