بالی ووڈ فلموں سے کورین فلمیں بہتر ہیں: نصیر الدین شاہ

May 15, 2024

بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ ـــ فائل فوٹو

بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کی فلموں سے کورین فلمیں بہتر ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، نصیر الدین شاہ نے ممبئی میں ایک تقریب کے دوران بھارتی فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس کے مقابلے میں کورین فلم انڈسٹری کو بہترین قرار دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ سب سے پہلے تو میں یہ بتا دوں کہ مجھے لفظ ’بالی ووڈ‘ سے سخت نفرت ہے یہاں لوگوں کی توجہ اچھی کہانی کے بجائے مالی فائدے پر ہوتی ہے اس سے اچھی فلمیں تو کورین سینما بنا رہا ہے اور ہم لوگ خود بھی یہ مانتے ہیں کہ کورین فلمیں پوری دنیا میں دیکھی جاتی ہیں۔

اداکار نے کہا کہ جس طرح انڈین کھانے اپنی فطری خوبیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کر رہے ہیں ٹھیک اسی طرح بالی ووڈ فلمیں بھی شہرت حاصل کر رہی ہیں لیکن میں اس بات کی گارنٹی دیتا ہوں کہ یہ بلبلہ ایک دن پھٹ جائے گا کیونکہ ہماری فلموں کا مواد اچھا نہیں ہے، یہ خاص ایجنڈے کے تحت بنائی جاتی ہیں اور اس بات سے سب اچھی طرح واقف ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ آج بھی مجھے فیس بک پر پیغامات ملتے ہیں کہ تم اصلی گلفام حسن ہو اس پر مجھے سب سے زیادہ خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان میں فلم ’سرفروش‘ بہت پسند کی گئی۔

نصیر الدین شاہ نے مزید کہا کہپاکستان میں لوگ فلم’سرفروش‘ کو بہت پسند کرتے ہیں اگرچہ میں کافی عرصے سے وہاں نہیں گیا لیکن اس سے پہلے جب بھی گیا تو فلم’سرفروش‘ کا ذکر ہمیشہ رہا جس پر مجھے حیرانی ہوتی ہے کیونکہ مجھے لگا تھا پاکستانی مجھے وہ کردار ادا کرنے پر جوتے ماریں گے۔

یاد رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ نصیر الدین شاہ نے بالی ووڈ فلموں کے خراب مواد پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہو، وہ اس سے پہلے بھی ایسا کر چُکے ہیں۔