چین بہترماحول کیلئے علاقائی طاقتوں سے تعاون کرتا ہے، ماہرین

May 19, 2024

لاہور(خبرنگار)پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام ’سی پیک اور علاقائی ڈائنامکس‘ کے موضوع پر بین الاقوامی سمپوزیم ہوا۔ اس موقع پر پولینڈ سے ڈاکٹر اگنیسکا نتزا ماکوسکا، ڈاکٹر کیری لانگ ہرسٹ، ایف سی کالج یونیورسٹی کی ڈاکٹر ارم نصیر، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ ڈاکٹر نعمانہ کرن، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی، ڈاکٹر کیری لانگ ہرسٹ نے کہاکہ چین بہتر ماحولیاتی حالات کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے علاقائی طاقتوں کے ساتھ تعاون کرتا ہے۔ڈاکٹر نتزا ماکوسکا نے کہا کہ پاکستان میں چین کا سافٹ پاور اپروچ گیم چینجر ہے۔ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ نے کہا کہ اس وقت دنیا ملٹی پولرائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے اور اس دوران چین معاشی طاقت بن کر ابھر رہا ہے اور وہ نہ صرف ایشیا بلکہ یورپ میں بھی معاشی ترقی میں دلچسپی رکھتا ہے۔ڈاکٹر ارم نصیر نے علاقائیت اور مربوط سلطنتوں سے عالمی، باہم مربوط، آزاد ریاستوں تک دنیا کے ارتقاء پر تبادلہ خیال کیا۔ نہوں نے واضح کیا کہ پاکستان چین کے ون بیلٹ ون روڈ اقدام کے لیے اہم ہے، جس کی جغرافیائی سیاسی پوزیشن کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور علاقائی رابطوں پر توجہ دی گئی ہے۔