شکار پور: پولیس اہلکاروں کو اغواء کروانے والا پولیس والا نکلا

May 22, 2024

شکارپور میں پولیس اہلکاروں کو اغواء کروانے والا خود پولیس والا نکلا، دونوں مغوی پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرکے ملزم اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شکارپور عرفان سموں نے جیو نیوز کو بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بعد پولیس اہلکار عرفان جتوئی کو اپنے ہی ساتھی اہلکاروں کے اغواء کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کچے کے علاقے کوٹ شاہو میں پولیس مقابلے کے بعد دونوں مغوی پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروالیا گیا ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ گرفتار اہلکار سے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کےلیے علاقے کی ناکا بندی کرکے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔