ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے سندھ کا بجٹ مسترد کردیا

June 15, 2024

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے سندھ کے بجٹ کو مسترد کردیا۔

خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے سندھ کے بجٹ کو شہری سندھ دشمن قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے بجٹ میں شہری سندھ کےلیے بڑا ترقیاتی منصوبہ نہیں رکھا۔ سندھ کے بجٹ میں کراچی کی ترقی، انفرااسٹرکچر اور شہریوں کو نظر انداز کیا گیا۔

ایم کیو ایم ترجمان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وفاقی بجٹ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کے بوجھ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

مرکزی کمیٹی نے سیاسی و حکومتی معاملات پر مذاکرات کے لیے 4 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی حکومتی اور سیاسی قائدین سے مختلف مسائل اور معاملات پر ملاقاتیں اور مذاکرات کرے گی۔

پارلیمانی کمیٹی میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق اورفیصل سبزواری شامل ہیں۔