ویڈيو: بھٹے کے مالک پر تشدد، منہ میں سیوریج کا پانی ڈال دیا گیا

May 23, 2024

گوجرانوالہ میں پرانی دشمنی پر ایک شخص کو اغواء کرنے کے بعد برہنہ کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بھٹے کے مالک کے اغواء اور تشدد کی ویڈيو سامنے آگئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

تشدد کا واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے موہلن کے چٹھہ میں دو روز قبل پیش آیا۔ تشدد کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان تشدد سے بے ہوش شخص کے منہ میں سیوریج کا پانی ڈال رہے ہیں۔ اس کے منہ پر چپل مارتے ہوئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

پولیس کے مطابق اینٹوں کے بھٹے کے مالک اور ملزمان میں پرانا جھگڑا چل رہا تھا۔ ملزمان دو روز قبل متاثرہ شخص کے بھٹے پر آئے اور اسلحہ کے زور پر اسے اغواء کرکے اپنے گاؤں لے گئے۔ جہاں اسے برہنہ کرکے تشدد کرتے رہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ملزمان کے چھ رشتہ داروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔