فلم ’چندو چیمپئن‘ سوشانت سنگھ کیلئے بہترین خراج تحسین کیوں ہے؟

June 15, 2024

فائل فوٹو

پیرا اولپمکس میں بھارت کے پہلے گولڈ میڈلسٹ مرلیکانت پیٹکر نے اپنی زندگی پر مبنی فلم ’چندو چیمپئن‘ کی ریلیز کو آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے بہترین خراج تحسین قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’چندو چیمپئن‘ گزشتہ روز (14 جون کو) ریلیز ہوئی ہے، جس میں مرکزی کردار اداکار کارتک آریان نے نبھایا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ فلم میں سابق ایتھلیٹ کا مرکزی کردار کارتک آریان سے قبل آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نبھانے والے تھے۔

انہوں نے موت سے قبل اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز بھی کر دیا تھا، لیکن 14 جون 2020 کو اداکار کی اچانک موت سے فلم کی شوٹنگ کچھ وقت کے لیے تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تاہم اب مرلیکانت پیٹکر کی زندگی پر مبنی یہ فلم گزشتہ روز ریلیز ہوگئی ہے۔

فلم کی ریلیز کے موقع پر سابق ایتھلیٹ آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کو یاد کرکے جذباتی ہوگئے۔

انہوں نے آنجہانی اداکار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سوشانت سنگھ کی چوتھی برسی کے موقع پر فلم ریلیز کرنا، اداکار کے لیے بہترین خراج تحسین قرار ہے۔

خیال رہے کہ فلم ’چندو چیمپئن‘ کی کہانی بھارت کے لیے 1972 کے سمر پیرا اولپمک میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے مرلیکانت پیٹکر کی زندگی پر مبنی ہے۔

مرلیکانت پیٹکر نے صرف 37.33 سیکنڈز میں 50 میٹر تک فری اسٹائل سوئمنگ کر کے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔