تھانہ ڈومیلی کی حدود میں دو گروپوں میں فائرنگ، تین افراد جاں بحق

June 16, 2024

سوہاوہ، جہلم( نمائندہ جنگ، نامہ نگار ) تحصیل سوہاوہ کے علاقے تھانہ ڈومیلی کی حدود میں دو گروپوں میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی پولیس موقع پرپہنچ گئی اورلاشوں کو آر ایچ سی ڈومیلی منتقل کردیا گیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔جاں بحق افراد میں14سالہ غضنفر،75سالہ محموداور 50سالہ گل عمر شامل ہیں ۔ وجہ تنازع پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے۔ دریں اثناء تھانہ فائرنگ سے3شہریوں کےقتل کے معاملہ کا ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے نوٹس لیکر ایس ڈی پی او سوہاوہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ ڈی پی او جہلم نے جائے وقوعہ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ کا دورہ بھی کیا اور مقتولین کے لواحقین سے ملاقات کی اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔ڈی ایس پی سوہاوہ کی سربراہی میں ریڈنگ پارٹیز تشکیل دے دی گئیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارےجا رہے تھے۔