بجٹ میں تنخواہ داروں پر بوجھ اور جاگیرداروں کو چھوٹ دی گئی: حافظ نعیم الرحمٰن

June 16, 2024

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ـــ فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ ڈالا گیا اور جاگیر داروں کو چھوٹ دی گئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے ادارۂ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے آخری بار آئی ایم ایف پروگرام کا وعدہ کیا ہے لیکن ان کی بات پر عوام کو اب کوئی بھروسہ نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا 38 فیصد سے مہنگائی 12 فیصد پر آ گئی ہے، یہ کون سا ریلیف ہے جو ہمیں نہیں دکھائی دے رہا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا،کتنے فیصد لوگ سرکاری نوکری کرتے ہیں یہ بھی تو بتائیں؟

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، لاکھوں لوگ باہر ممالک چلے گئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ایک ملین ڈالرز کی گندم کی رپورٹ کہا ہے، ڈائیگنوسٹک اور انجیو گرافی کی کٹس پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کی کیا صورتِ حال ہے، سندھ کے ترقیاتی بجٹ میں کوئی ایک بھی نیا منصوبہ کہاں ہے؟ کراچی کو مزید ترقیاتی پروجیکٹس چاہئیں، کے فور چاہیے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اسلام کی نمائندگی کا اظہار حج کے موقع پر ہوتا ہے، فلسطین میں بچے لبیک کہتے ہوئے سب لوگوں کو پیغام دے رہے تھے، وہ بچے پورے عزم کے ساتھ کہہ رہےتھے کہ اے اللّٰہ ہم حاضر ہیں۔