300 یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت سولر لگا کر دیں گے، گورنر سندھ

June 16, 2024

گورنر سندھ کامران ٹیسوری : فوٹو فائل

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ہم 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت سولر لگا کر دیں گے۔ ایسے افراد جن کے چھوٹے بچے ہیں اور کرائے کے گھر میں رہتے ہیں، انہیں سولر لگا کر دیں گے۔

گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسلامی ممالک کے قونصل جنرل نماز عید گورنر ہاؤس میں ادا کریں گے، اس سال بھی سو اونٹوں کی قربانی کی جا رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ جو لوگ اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں نشانہ بنے ان کو ساتھ رکھیں گے، عید کے دن گورنر ہاؤس سے راشن کی تقسیم بھی کی جائے گی، عید کے دنوں میں 20 ہزار راشن بیگز مستحقین کو دیے جائیں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ سانحہ پریٹ آباد حیدرآباد میں آگ لگنے کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے گئے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سانگھڑ میں اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، اس اونٹنی کے مالک کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اب تک 8 ہزار طلباء کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے ہیں۔ قابل نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمتیں دلوانے کےلیے جاب پورٹل بنا رہے ہیں۔ عید کے بعد پورٹل پر کام کیا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہمارے اچھے کاموں کو روک نہیں رہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہمارے کام کو سراہتے ہیں۔