شام سے دہائی بعد پہلی بار حجاج براہ راست سعودی عرب پہنچے

June 17, 2024

کوہ عرفات، سعودی عرب(اے ایف پی) سعودی عرب سے تعلقات کی بحالی کے بعد شامیوں کا حج کی ادائیگی کا خواب پورا ہوگیا۔ ایک دہائی عرصہ بعد شام اور سعودی عرب کے درمیان براہ راست حج پروازوں کی بحالی کے ساتھ اسامہ کبار نے اپنے دو خواب پورے ہوتے محسوس کئے۔ ایک تو ادائیگی حج اور دوسرے اپنے بیٹے کے ساتھ واپسی۔ 70؍سالہ اسامہ کےلیے یہ دہری خوشی تھی جنہوں نے اپنے بڑے بیٹے مہر کو 2015ء سے نہیں دیکھا تھا۔ حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے اور صدر بشارالاسد کی حکومت کے زیر اثر علاقوں کے رہائشی 2012ء سے حج کی سعادت سےمحروم رہے۔سعودی عرب نے شامی حکومت سے تعلقات توڑ لئے تھے۔ شامی خانہ جنگی میں سعودی حکومت نے باغیوں کی حمایت کی تھی بعد ازاں سعودی عرب نے دمشق کے بجائے شامی اپوزیشن اتحاد کو حج درخواستیں مرتب کرنے کا اختیار دیا حکومتی کنٹرول میں شامی علاقوں سے عازمین کو لبنان سے ہو کر حجاز مقدس جانا پڑتا ہے۔ وہ لبنانی حج گروپوں میں شامل ہو کر جاتے ہیں حکومت کے کنٹرول سے باہر علاقوں کے عازمین ترکی کے راستے حج پر جاتے رہے ہیں۔