سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث بھارتی شہری امریکا کے حوالے

June 17, 2024

فائل فوٹو: بشکریہ غیرملکی میڈیا

سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث بھارتی شہری کو امریکا کے حوالے کردیا گیا۔

امریکی اخبار کے مطابق بھارتی شہری نکھل گپتا پر امریکی شہری گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کا الزام ہے جسے امریکا کی درخواست پر چیک ری پبلک میں گزشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا۔

امریکی اخبار کے مطابق نکھل گپتا کو آج نیویارک کی وفاقی عدالت میں پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے، امریکی پراسیکیوٹر نے نکھل گپتا پر امریکا میں 4 سکھ رہنماؤں کو قتل کرنے کی سازش کے الزامات عائد کیے ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق عائد الزامات ثابت ہونے پر نکھل گپتا کو 20 سال قید ہوسکتی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق نکھل گپتا کو سکھ رہنماؤں کے قتل کی ہدایات بھارتی حکومت کے اہلکار نے دی تھی۔

امریکی اخبار کے مطابق بھارتی حکومت نے امریکی الزام کی تردید کی ہے۔