عید کا دوسرا روز، جڑواں شہروں میں صفائی آپریشن جاری

June 18, 2024

---فائل فوٹو

پاکستان کے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں عید قرباں کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے روز راولپنڈی سے 3290 اور اسلام آباد سے 1075 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا ہے، کنٹرول روم کو اسلام آباد سے 100 اور راولپنڈی سے 355 شکایات موصول ہوئیں تھیں جن کا بروقت ازالہ کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی شہر سے 2876 اور تحصیلوں سے 287 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔

راولپنڈی میں جاری عید صفائی آپریشن میں 485 گاڑیاں اور 3852 ورکرز شریک ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق الائشوں کو اٹھانے کے لیے راولپنڈی میں 43 ٹرانسفر اسٹیشن قائم کیے ہی، عارضی ٹرانسفر اسٹیشن سے اٹھائی گئی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے 4 بڑی خندقیں کھودی جائیں گی، عید صفائی آپریشن راولپنڈی میں 20 جون تک جاری رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی 22 بڑی قربان گاہوں پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ تعینات ہے۔

دوسری جانب چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ ٹیموں نے پہلے روز 1750 ٹن آلائشوں کو اٹھایا اور تلف کیا، صفائی سے متعلق گزشتہ روز 150 شکایات موصول ہوئیں جن کا فوری ازالہ کیا گیا تھا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لیے مجموعی طور پر 110 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

سیف سٹی کیمروں کے ذریعے شہر میں صفائی کے کام کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ عید کے دوسرے روز بھی صبح سے ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے۔