بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی حکمت عملی پر تحریک انصاف اختلافات کا شکار

June 26, 2024

شاندانہ گلزار: فوٹو فائل

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کی حکمت عملی پر تحریک انصاف اختلافات کا شکار ہوگئی۔

پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نہیں نکال سکتے تو بہتر ہے استعفیٰ دے دیں، ڈیسک بجانے اور کمیٹی کمیٹی کھیلنے سے بہتر ہے گھر بیٹھ جائیں۔

شاندانہ گلزار نے کہا کہ شہریار آفریدی نے استعفے کا کہا تو میں نے دھمکی دی کہ ہم بھی استعفے دیں گے، شہریار آفریدی کے بعد شیر افضل مروت نے بھی استعفیٰ دینے کا کہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ کور کمیٹی میں ہم میں سے کوئی نہیں، سیاسی کمیٹی میں مشکوک کردار بہت ہیں، سیاسی کمیٹی کے مشکوک کردار 9 مئی کے بعد غائب رہے، میں سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی میں نہیں ہوں بانی پی ٹی آئی نے جیل سے کہا کہ نکلو۔