لاہور: عید کے پہلے روز آلائشیں ٹھکانے لگانے پر مریم نواز کی تعریف

June 18, 2024

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز---فائل فوٹو

لاہور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی متحرک ہے۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ گڑھے کھود کر جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگائی جا رہی ہیں۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ اب تک 5 ہزار سے زائد شہریوں نے ہیلپ لائن پر رابطہ کیا ہے، لوگوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔

بابر صاحب دین نے بتایا کہ لاہور کینال میں آلائشیں پھینکنے اور اوجھڑیاں دھونے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 110 افراد پکڑ لیے گئے، 99 کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا جبکہ 11 کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صفائی کے بہترین انتظامات پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ صفائی ستھرائی اور شہریوں کی سہولتوں کے لیے حکومتی مشینری کی نگرانی خود کر رہی ہوں، شدید گرمی میں صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو فوری ٹھکانے لگانے پر کمپنی اور اس کے تمام عملے کا جذبہ قابلِ تعریف ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اچھا کام کرنے والوں کو شاباش ملے گی، فرض پورا نہ کرنے والے سزا کے لیے تیار رہیں۔

پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے اپیل کی ہے کہ میڈیا اور شہریوں سے گزارش ہے کہ جہاں گند نظر آئے فوری سرکاری ہیلپ لائن پر آگاہ کریں اور تعاون کریں۔