عیدالاضحیٰ کا دوسرا روز: کوئی قربانی، تو کوئی رشتے داروں سے ملنے میں مصروف

June 18, 2024

---فائل فوٹو

ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، شہری چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانیوں میں مصروف ہیں۔

عید کے دوسرے روز آج بھی دعوتیں، بیٹھکیں، کھابے، ہلا گلہ اور سیرو تفریح چلتی رہے گی، کل میزبان بننے والے آج مہمان بن کر دعوت اڑائیں گے، خواتین کچن کی ذمے داریاں سنبھالیں گی، بریانی، تکہ، بوٹی، سیخ کباب، ہنٹر بیف، مٹن سجی، قورمہ، کڑاھی، کوفتے سمیت روایتی اور غیر روایتی پکوان بنا کر مہمانوں سے تعریفیں سمیٹی جائیں گی۔

عید الاضحیٰ کے پہلے روز فرزندانِ توحید کی بڑی تعداد نے سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کی، مختلف شہروں میں میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے دعوؤں کے باوجود مختلف مقامات پر آلائشوں کے ڈھیر نظر آئے۔

بیشتر شہروں میں شہری انتظامیہ کی جانب سے آلائشیں اٹھا کر ناصرف صفائی کر دی گئی ہے بلکہ ان آلائشیوں کو ٹھکانے بھی لگا دیا گیا ہے۔

کراچی میں عیدِ قرباں کے دوسرے روز بھی سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی جاری ہے تاہم برنس روڈ، لسبیلہ، رنچھوڑ لائن میں جگہ جگہ آلائشوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

بعض شہروں میں صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں اور شاہراہوں کے کناروں پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں۔

ملک بھر میں پہلے روز قربانی سے فارغ ہو کر شہری اپنے عزیز و اقارب اور غرباء میں گوشت تقسیم کرنے نکلے ہیں۔

بچوں اور بڑوں نے تھکن اتارنے کے لیے میلوں، ٹھیلوں اور پارکوں کا رخ بھی کیا، بچوں نے اونٹ کی سواری کے ساتھ ساتھ خوب جھولے جھولے، گول گپوں، چاٹ اور آئس کریم کا لطف اٹھایا۔

کراچی میں گرمی اور حبس کے ستائے شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحلِ سمندر کا رخ کیا۔

ملک بھر میں بے شمار شہریوں نے بار بی کیو کا اہتمام کیا، خواتین کی جانب سے گھروں پر قربانی کے جانور کی کلیجی کے علاوہ مختلف چٹ پٹے پکوان بنائے گئے اور گھر والوں اور آنے والے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

آج عیدِ قرباں کے دوسرے روز بھی شہری بھرپور طریقے سے عید منا رہے ہیں، بعض شہری عید الاضحیٰ کے دوسرے روز سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے مختلف جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔

بیشتر گزشتہ روز قربانی سے فراغت حاصل کرنے والے شہری آج عزیز و اقارب کے گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔

بچے پارکوں اور گلی محلوں میں اونٹ کی سواری کر رہے ہیں، جھولا جھول رہے ہیں اور نوجوان پکنک پوائنٹس اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔

کچھ لوگ گرمی سے نجات کے لیے مختلف واٹر پارکس اور تفریحی مقامات پر پکنک منانے کے لیے بھی جا رہے ہیں۔

خواتین کی جانب سے عیدِ قرباں کے گوشت سے گھروں میں طرح طرح کے پکوان بنانے کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔