حکومت کا ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں توسیع کا فیصلہ، ذرائع وزارت خزانہ

June 21, 2024

حکومت نے اگلے مالی سال کے بجٹ میں قابل تقسیم محصولات کی مرکزی اور صوبوں کے درمیان تقسیم کیلئے ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں ایک سال کیلئے توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں توسیع کیلئے وزارت خزانہ وزیراعظم سیکرٹیریٹ کے توسط سے ایوان صدر کو توسیع کی درخواست کرے گی۔ قومی مالیاتی کمیشن کو یکم جولائی سے پہلے نیا ایوارڈ دینا ہے یا موجودہ ایوارڈ میں توسیع کرنا ایک آئینی تقاضا ہے۔

نمائندہ جیو نیوز کے کے مطابق موجودہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں اور مرکز کے درمیان 2011 سے قابل تقسیم وسائل کی تقسیم جاری ہے۔ یہ ایوارڈ 2017 میں اپنی مدت پوری کر چکا ہے۔

گذشتہ 7 سال سے ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں توسیع کی جا رہی ہے۔موجودہ ایوارڈ میں وسائل کی تقسیم 82 فیصد آبادی 10.3 فیصد غربت، پانچ فیصد رقبے اور 2.7 فیصد کو قابل تقسیم وسائل کی تقسیم کا فارمولہ بنایا گیا تھا۔

ساتویں ایوارڈ کے تحت صوبوں کو قابل تقسیم وسائل کا 57.5 فیصد اور مرکز کو 42.5 فیصد ملتا ہے۔