محمد زبیر کبھی نواز شریف کے قریبی نہیں رہے، رانا ثناء اللّٰہ

June 22, 2024


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ محمد زبیر کبھی نواز شریف کے قریبی نہیں رہے، محمد زبیر کی باتیں صرف اندازے ہیں، نواز شریف نے کبھی جنرل باجوہ کو توسیع کی پیش کش نہیں کی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کافی چیلنجنگ ہے اس کو وقت دینا پڑتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گلے شکوے دور ہوگئے ہیں، ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے حلقے کے لیے زیادہ فنڈز لے، پیپلز پارٹی کے جائز مطالبات تھے، مذاکرات بلامشروط ہوتے ہیں، پہلے سے شرائط نہیں رکھی جاتیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ ہمارے ارکان بھی حلقے کے لیے فنڈز کا مطالبات کرتے ہیں ان کا غصہ اور گلہ بھی ہوتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ شاہد خاقان عباسی ن لیگ میں رہتے، میرے خیال میں اس وقت پاکستان میں نئی پارٹی کی گنجائش نہیں، پہلے ہی پونے دو سو پارٹیاں پاکستان میں ہیں۔