سوناکشی کی شادی، ان دیکھی تصاویر و ویڈیوز شتروگھن سنہا نے شیئر کر دیں

June 27, 2024

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار شتروگھن سنہا نے اپنی لاڈلی بیٹی کی شادی کی مختلف تقریبات سے ان دیکھی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں کے ساتھ شیئر کر دیں۔

حال ہی میں بالی ووڈ دبنگ گرل اداکارہ سوناکشی سنہا اور ان کے دیرینہ بوائے فرینڈ و اداکار ظہیر اقبال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

شادی کے اس پُر مسرت موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا، 23 جون کو سب سے پہلے سول ویڈنگ اداکارہ کے گھر پر منعقد کی گئی جس میں دونوں خاندانوں کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

شادی کی تقریب کے بعد نوبیاہتا جوڑے نے ممبئی کے مقامی ریستوران میں شاندار استقبالیہ کی تقریب کا اہتمام کیا۔

تاہم اب دلہنیا کے والد و سینیئر اداکار شتروگھن سنہا نے شادی کی مختلف تقریبات سے چند یاد گار و ان دیکھی تصاویر اور ویڈیوز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کی ہیں۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے شادی میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی لاڈی کی شادی کو اس صدی کی شادی قرار دے دیا۔

انہوں نے لکھا کہ عاجزی و انکساری کے ساتھ آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اپنی موجودگی سے ہمارے خاص دن کو اور بھی خاص بنا دیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہماری پیاری بیٹی سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال اپنی زندگی کے خوبصورت سفر میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں، اس موقع پر آپ سب کے پیار، محبت اور نیک خواہشات نے اسے اس صدی کی شادی بنا دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شتروگھن سنہا نے اپنی بیٹی کی ظہیر اقبال سے ہونے والی شادی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بھی کوئی پوچھنے کی بات ہے؟ ہر باپ اس لمحے کا انتظار کرتا ہے جب اس کی بیٹی اپنے پسندیدہ شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کرے۔ میری بیٹی ظہیر کے ساتھ سب سے زیادہ خوش نظر آتی ہے۔ انکی جوڑی سلامت رہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 44 برس قبل میں نے اپنی پسند کی بہت کامیاب، بہت خوبصورت، بہت باصلاحیت لڑکی پونم سنہا سے شادی کی تھی اب سوناکشی کی باری ہے کہ وہ اپنی پسند کے لڑکے سے شادی کریں۔