یو اے ای میں موسم گرما میں نمازِ جمعہ و خطبے کا دورانیہ 10 منٹ تک کرنے کی ہدایت

June 28, 2024

متحدہ عرب امارات میں تمام مساجد میں جمعے کا خطبہ مختصر کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جمعے کی نماز اور خطبے کا دورانیہ 10 منٹ سے زیادہ نہیں ہوگا اور اس پر عمل درآمد آج جمعہ 28 جون 2024ء سے ہوگا اور یہ اکتوبر کے آغاز تک نافذ العمل رہے گا۔

متحدہ عرب امارات میں جنرل اتھارٹی برائے اسلامی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ان دنوں متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کی وجہ سے کیا گیا ہے، یہ اقدام جمعے کے دن مسجد آنے والوں کی مشکلات کم کرنے کی خاطر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں جمعہ کا خطبہ اور نماز کا دورانیہ 21 جون سے موسم گرما کے اختتام تک پندرہ منٹ تک کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔